کراچی : میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ قائد اعظم اس صدی کے عظیم رہنما تھے انکی قائدانہ صلاحیتوں اور جدوجہدکے باعث پاکستان ہمیں علامہ اقبال کےخواب کی صورت حاصل ہوا، زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یادرکھتی ہیں اور ان کےکردار اور افکار کو سامنے رکھتے ہوئےکامیابی کی منازل طے کرتی ہیں، قائداعظم محمد علی جناح ہمارے وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے مسلمانوں کے لئےعلیحدہ ریاست کے خواب کو تعبیر دی اور آج ہم اپنے ملک میں پوری مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، یہ بات انہوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر ان کے مزار پرحاضری اور شہریوں کی جانب سے چادر چڑھانےاور فاتحہ خوانی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی، میونسپل کمشنر افضل زیدی،ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد،ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان،سینئرڈائریکٹر میڈیامینجمنٹ علی حسن ساجد اورکے ایم سی کے محکمہ جاتی سربراہان بھی ہمراہ تھے۔ میئرکراچی نے کہاکہ قائد اعظم نے ایک منتشر قوم کو مجتمع کرکے عظیم مملکت پاکستان کے قیام کو یقینی بنایااور دنیا کے نقشے پر ایک اسلامی اور نظریاتی مملکت کا قیام عمل میں آیا، قائد اعظم دنیا کے عظیم رہنما تھے اور ہم ان کے اقوال اور افکار پر عمل کرکے ایک مضبوط قوم اور مستحکم معاشرہ تشکیل کرسکتے ہیں، قائد اعظم کام، کام اور صرف کام پر یقین رکھتے تھے، امید، ہمت اور خود اعتمادی قائد اعظم کا پیغام تھا، قائد اعظم نے فرمایا تھاکہ کوئی طاقت پاکستان کو ختم کرنہیں کرسکتی۔