پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس پشاور ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

پشاور (اُمت نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا انٹرا پارٹی انتخابات کیس پشاور ہائی کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔

قبل ازیں پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

تحریک انصاف کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں الیکشن کمیشن اور انٹرا پارٹی انتخابات کو چیلنج کرنے والے درخواست گزاروں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی ائی انٹرا پارٹی انتخابات کو چیلنج کرنے والے پارٹی ممبر ہی نہیں اور الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان بلا بھی واپس لے لیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس پارٹی انتخابات کرانے کے طریقے پر فیصلے کا اختیار نہیں لہٰذا تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

تحریک انصاف نے عدالت سے سینئر ججز پر مشتمل بنچ بنانے اور درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی تھی۔

اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا تھا اور بلا ہی رہے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی چیئرمین تھے اور رہیں گے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کر رہے ہیں، سپریم کورٹ میں بھی توہین عدالت کا کیس دائر کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ الیکشن میں جو بھی رکاوٹ ڈالے گا اس کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ ہو گا۔

بابر اعوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے ساتھ پری پول ریگنگ ہو رہی ہے، امیدواروں سے کاغذات نامزدگی تک چھینے گئے۔