کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
کراچی میں سپر ہائی وے نوری آباد کے قریب ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ ماں اور بیٹی زخمی ہوگئیں جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت انجینئر عبدالرحمن عرف سائیں اور حاجی گلزار کے نام سے کی گئی۔
حاجی گلزار انجنئیر عبدالرحمان شاہ کا ڈرائیور تھا۔ انجنئیر عبدالرحمان شاہ تعلیمی ادارے کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھے۔
حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 40 سالہ رضیہ اور 15 سالہ مسکان کے ناموں سے کی گئی۔
حادثے کے نتیجے میں گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، گاڑی کو لفٹر کی مدد سے ہٹا دیا گیا جبکہ جاں بحق اور زخمی افراد کو نوری آباد ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
صفورہ ریس کورس کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت 34 سالہ شہباز کے نام سے کی گئی جبکہ لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
بلدیہ خورشید پورہ قبرستان کے قریب ٹریفک حادثے میں 12 سالہ بچہ عدیل جاں بحق ہوگیا۔ بچے کی لاش کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بلدیہ اتحاد ٹاؤن ابو ہریرہ مسجد کے قریب تیز رفتاری کے باعث بس الٹ گئی، حادثے میں خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال کردیا گیا۔