فیصل آباد(اُمت نیوز)فیصل آباد کے چک جھمرہ فیڈمک انڈسٹری زون میں جعلی کھاد بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی.
محکمہ زراعت توسیع کی ٹیم نے فیصل آبادکے چک جھمرہ فیڈمک انڈسٹری زون میں جعلی کھاد بنانے والی فیکٹری پکڑ لی، جعلی کھاد کی 250 بوریاں قبضہ میں لے کر فیکٹری مالکان کے خلاف تھانہ فیڈمک میں ایف آئی آر درج کروا دی۔
ڈاکٹر محمد زاہد ایکسٹر اسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع چک جھمرہ نے اطلاع ملنے پر اپنی ٹیم اور پولیس کے ہمراہ چک جھمرہ کے علاقہ فیڈمک انڈسٹری زون میں جعلی کھاد بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا تو فیکٹری میں موجود 250 جعلی کھاد کی بوریاں برآمد ہوئی جن کو محکمہ زراعت توسیع کی ٹیم نے اپنے قبضہ میں لے لیا۔
ایکسٹر اسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت ڈاکٹر زاہد نے موقف دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ فیکٹری مالکان چک جھمرہ کے گرد و نواح میں کاشتکار کو اس جعلی کھاد کو ڈی اے پی کھاد کے متبادل کھاد کے طور پر فروخت کرتے تھے جس سے کاشتکاروں کو لاکھوں روپے کا چونا لگایا گیا، تاہم محکمہ زراعت توسیع چک جھمرہ نے فیکٹری مالکان کے خلاف تھانہ فیڈمک میں ایف آئی آر درج کروا کر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔