شدید دھند، پی آئی اے کی پروازیں منسوخ، مسافرشدید پریشان

کراچی : ملک میں جاری شدید دھند کی وجہ سے پی آئی اے کی پروازیں منسوخ، تبدیل یا تاخیر کا شکار ہونے پر مسافر پریشانی سے دوچار ہوگئے۔ اسلام آباد اور کراچی کے درمیان دوسرے روزبھی فلائٹ آپریشن منسوخ ہونے کے باعث عین وقت پر مسافروں کو پریشانی اٹھانا پڑی۔ پروازیں منسوخ ہونے پرجو مسافر سب سے زیادہ متاثر ہوئے ان میں شادی کی تقریبات میں شرکت کرنے والے مسافرزیادہ تھے جنہوں نے اسلام آباد، لاہور اورکراچی میں شادی کی تقریبات میں شرکت کرنا تھی،ایک نجی ائیرلائن کی اسلام آباد اور لاہور سے کراچی کے لیے فلائٹ دوسرے روز بھی دھند کے باعث منسوخ ہونے پر کراچی میں شادی کی تقریب ایک روز کے لیے ملتوی کی گئی لیکن دوسرے روز بدھ کو بھی ان کی پروازمنسوخ ہوگئی۔

علاوہ ازیں دھند کے باعث پروازوں کی منسوخی پرلاہور اوراسلام آباد سے کراچی آنے والے مسافروں کو ٹرین اور مسافر کوچز میں بھی جگہ نہیں مل رہی ہے۔ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے باعث مسافرٹرینوں اورمعروف کوچز میں 31 دسمبرتک جگہ دستیاب نہ ہونے پرمسافرمارے مارے پھرتے رہے۔ دریں اثناء ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ائیرلائن کی لاہور،ملتان اورسیالکوٹ سےآپریٹ ہونے والی پروازیں کم حد نگاہ اور دھند میں شدت کے باعث فضائی آپریشن میں دشواری کا سامنا ہے ،پی آئی اے اپنے فضائی مہمانوں کو ہونے والی زحمت پر معذرت خواہ ہے۔