اسلام آباد: معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسر (آر او) کسی کو نااہل قرار نہیں دے سکتا، اہلیت کا فیصلہ کرنا عدالتوں کا کام ہے، الیکشن کمیشن کا بلے کا نشان واپس لینے کا فیصلہ غیرقانونی تھا، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا گیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کسی کو نااہل قرار نہیں دے سکتا، اہلیت کا فیصلہ کرنا عدالتوں کا کام ہے، بلے کا نشان واپس لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ ناقص تھا۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن انٹراپارٹی الیکشن میں مداخلت کرے تو کیا ہوگا، الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کے خلاف فیصلہ سنایا تھا، عدالتوں کے احکامات پر عملدرآمد نہیں ہورہا، پولیس لوگوں کو کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرانے دے رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے جیل میں داخل ہوکر شاہ محمود قریشی کو گرفتار کیا، پولیس کو گرفتار کرنا تھا تو باہر کھڑے ہوکر انتظار کرتے، اہم شخصیات کو کاغذات جمع کرانے سے روکا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos