مراد علی شاہ کو مشورہ ہے بادام کھایاکریں،حافظ حسین احمد

لاہور: جے یو آئی ف کےرہنما حافظ حسین احمد نے کہاکہ مراد علی شاہ کو مشورہ ہے کہ وہ بھی بادام وغیرہ کھالیں کیونکہ زرداری نےبھی اینٹ سے اینٹ بجانے کی بات کی تھی اس کےبعد وہ تین سال تک کہاں رہے؟نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتےہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قیادت تو یہاں پرہی رہی باقی کوئی جلا وطن ہوگیا اور کہیں چھپ گیا۔ہمیں چاہئے کہ ایسے بیانات دینے سے گریز کریں ۔ملک کو دلدل سے نکالنے والے شخص کا نام مولانا فضل الرحمان ہے۔ن لیگ کےرہنما اختیارولی خان نے کہاکہ مراد علی شاہ کی بات الیکشن کے ماحول کو گرمانے کیلئے ہے اس کاجواب دینا اچھا نہیں ہے۔ مراد علی شاہ نے اپنے قد کاٹھ سے زیادہ بڑی بات کی ہےجب نواز شریف کو باہربھیجاجارہا تھا تو شوکت خانم اسپتال کی ٹیم نے معائنہ کے بعد بھجوایا۔ہر احتجاج میں ن لیگ جے یو آئی کے ساتھ تھی کیا یہ احتجاج کی قیمت مانگنا چاہتے ہیں۔

حافظ حسین احمد کی بڑی عزت کرتا ہوں لیکن وہ قاضی حسین احمد بننے کی کوشش نہ کریں۔پیپلزپارٹی کےرہنما تیمورتالپور نے کہاکہ پی ڈی ایم کی حکومت میں ہمارے پاس ملک کو بچانےکیلئے کوئی آپشن نہیں تھا۔ تنقید برائے تنقید تو ہوجاتی ہے لیکن بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں کوئی ایسی بات نہیں کی صرف سیاسی بات کی ہے وہ نوجوان لیڈرہیں۔ ماہر معاشیات ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہاکہ 15 دسمبر کو جب الیکشن کمیشن نے الیکشن کااعلان کیا ہے تو اسٹاک مارکیٹ گرنا شروع ہوئی جو گیارہ فیصد نیچے آئی ہے۔ جنوری میں آئی ایم ایف کے بورڈ کی میٹنگ ہورہی ہے اورتوقع ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے میں آئی ایم ایف سے تیسری قسط آجائے گی۔