لاہور: سینیئر سیاستدان فیصل صالح حیات نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہیں شہبازشریف نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور اس حوالے سے سیاسی جوڑ توڑ بھی جاری ہے۔ سیاسی جماعتوں کی قیادت دیگر سیاستدانوں سے ملاقاتیں کررہی ہیں اور انہیں اپنی جماعت میں شامل ہونے تو کہیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی پیشکش کی جارہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج جھنگ شاہ جیونہ پہنچے، تو فیصل صالح حیات نے ان کا استقبال کیا، رانا ثنااللہ اور ملک احمد خان بھی صدر ن لیگ کے ہمراہ تھے ۔شہبازشریف نے حضرت شاہ جیوانہ کے دربار پرحاضری دی، اور پھر مخدوم ہاوس پہنچے جہاں انہوں نے سینئر سیاستدان مخدوم فیصل صالح حیات سے ملاقات کی، اور ایک بار پھر پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی، جسے فیصل صالح حیات نے قبول کرلیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شاہ جیونہ میں حاضر ہوکر بہت خوشی ہورہی ہے، اور فیصل صالح حیات ن لیگ کے قافلے میں شامل ہوئے ہیں ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، ان کی شمولیت سے ہماری جماعت کو جھنگ میں تقویت ملے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ لیگی قیادت کی نیک خواہشات اور تمنائیں لے کر آیا ہوں، حکومت میں آکر عوام کی خدمت کریں گے، نوازشریف کی سربراہی میں نئےسفر کا آغاز ہوگا۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی جانب فیصل صالح حیات کے بعد سابق وفاقی وزیرسلیم سیف اللہ سے رابطہ کیا گیا ہے اور انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔