غزہ (اُمت نیوز)غزہ پر اسرائیل کی بمباری جاری ہے، جس کے نتیجے میں 24 گھنٹے میں مزید 200 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، جبکہ 5 روز میں 24 اسرائیلی فوجی مارے گئے۔
غزہ کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فوج نے حملے تیز کردیے ہیں، اسرائیلی فوج نے دیرالبلاح کی مسجد بھی شہید کردی۔
اسرائیل کے مظالم پر غزہ کے سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 21 ہزار 110 ہوگئی ہے، شہداء میں 8 ہزار 800 بچے اور 6 ہزار 300 خواتین شامل ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار 111 طبی عملے کے اراکین اور شہری دفاع کے عملے کے 40 افراد شہید ہوئے۔
اسرائیلی بمباری میں 100سے زائد صحافی بھی شہید ہوئے۔
اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں سات ہزار فلسطینی لاپتا اور ملبے تلے دبے ہیں، جبکہ 55 ہزار 243 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں 92 اسکول اور یونیورسٹیاں تباہ ہوچکی ہیں، اسرائیل نے 115 مساجد کو شہید اور تین گرجا گھروں کو تباہ کردیا۔
اسرائیلی حملوں میں 65 ہزار سے زائد گھر، 23 اسپتال اور 53 طبی مراکز بھی مکمل تباہ ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے 102 ایمبولینسز کو بھی نشانہ بنایا۔
دوسری جانب حماس کی بھی اسرائیلی فوج کے خلاف کارروائیاں تیز ہوگئی ہیں، حماس نے حملوں میں اسرائیلی ٹینک اور بلڈوزر تباہ کردیا اور متعدد فوجیوں کو مار گرایا۔