پنجاب میں مسلسل دھند کا راج، موٹرویز اور دیگر شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند

حافظ آباد(اُمت نیوز)پنجاب کے مختلف علاقے مسلسل دھند کی لپیٹ میں ہیس جس کی وجہ سے موٹرویز اور دیگر شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کردی گئیں۔

لاہور سے اسموگ جانے کو تیار نہیں اور سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ دھند بھی بڑھ رہی ہے جس کے باعث صبح اور شام کے اوقات میں شہریوں کے لیے سفر کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، ننکانہ صاحب اور گردونواح میں دھند کا راج برقرار ہے۔ حدنگاہ انتہائی کم ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، موٹر ویز اور دیگر شاہرائیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو، ایم تھری، ایم فور،ایم فائیو اور ایم الیون کو دھند کے باعث بند کردیا، عوام رات کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ادھر وزیرآباد میں دھند کے دوران 8 مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر 40 کے قریب افراد کو لوٹ لیا، ڈاکو شہریوں سے دو گھنٹوں میں نقدی، زیورات اور موبائل چھین کر با آسانی فرار ہوگئے۔