راولپنڈی (اُمت نیوز)سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کو آج راولپنڈی میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہائی ملتے ہی دوبارہ حراست میں لے لیا گیا تھا۔
شاہ محمود قریشی کی عدالت میں پیشی پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں اور ضلع پولیس کی بھاری نفری جوڈیشل کمپلیکس کے باہر تعینات ہے۔
صحافیوں کو بھی جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ منگل کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت نے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی رہائی کے روبکار جاری کیے تھے تاہم انہیں اڈیالہ جیل میں تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کردیا گیا تھا۔
شاہ محمود قریشی کو نقص امن کے تحت 15 روز کے لیے اڈیالہ جیل میں نظر بند کیا گیا تھا۔