کاغذات نامزدگی معاملہ:اعجاز چوہدری کا ہراساں کیے جانے پر عدالت سے رجوع

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعجاز چوہدری نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے پر ہراساں کرنے کے معاملے میں لاہور ہوئی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

اعجاز چوہدری نے حورم علی کی وساطت سے تصدیق اور تائید کنندہ کو ہراساں کرنے سے روکنے کی درخواست دائر کی۔

خیال رہے کہ عام انتخابات کے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے، اور گزشتہ ہفتے دیگر رہنماؤں کی طرح سینیٹر اعجاز چوہدری کے کاغذات نامزدگی بھی چھین لیے گئے تھے۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری کے وکیل نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے مؤکل کے کاغذات نامزدگی چھین لیے گئے ہیں جب کہ اعجاز چوہدری کے بھتیجے اور تین ساتھیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

وکیل کے مطابق اعجاز چوہدری کے کاغذات نامزدگی این اے 127 سے جمع کرانے تھے تاہم اس سے قبل ہی کاغذات نامزدگی چھین لیے گئے۔

اسی حوالے سے لاہور ہوئیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ اعجاز چوہدری نے این اے 127 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، اعجاز چوہدری کے تصدیق کنندہ اور تائید کنندہ کو پولیس ہراساں کررہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ اعجاز چوہدری کی 28 دسمبر کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہے، اور استدعا کی گئی کہ عدالت تصدیق کنندہ اور تائید کنندہ کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے۔