اسلام آباد :نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نئے سال کی تمام تقاریب پر پابندی کا اعلان کردیا اور کہا کہ فسلطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے، نئے سال کی آمد کو سادگی سے منایا جائے، تمام پاکستانی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔ ۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہےسال 2024 کی آمد ہے، میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں نئے سال کا سورج ہمارے وطن پاکستان اور پوری دنیا کیلئے خوشحالی اور امن و آشتی کا پیغام لیے طلوع ہو۔فلسطین کی انتہائی تشویشناک صورتحال سامنے رکھتے ہوئے اور اپنے مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے نئے سال کے حوالے سے کسی بھی قسم کی تقریب کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ میں تمام پاکستانیوں سے بھی یہ گزارش کرتا ہوں وہ غزہ کے مظلوم عوام کیساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور نئے سال کے آغاز پر سادگی کو ملحوظ خاطر رکھیں، اسرائیلی خونریزی روکنے کیلئے پاکستان نے دنیا کے ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کیلئےآواز اٹھائی ہے اور ہمیشہ اٹھاتا رہے گا۔