پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی اورایم کیوایم سے اتحاد کا اشارہ دیدیا

سکھر: پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم سے اتحاد کا اشارہ دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں سابق صوبائی وزیر سید ناصر شاہ کہتے ہیں کے الطاف حسین سے علیحدگی کے بعد ایم کیو ایم اور عمران خان سے علیحدگی اور نو مئی سے لاتعلقی کے بعد پی ٹی آئی سے اتحاد ہو سکتا ہے ، پیپلز پارٹی کے رہنما سید ناصر حسین شاہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث کسی سے بھی اتحاد نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی سے اتحاد اسی صورت میں ہوگا کہ وہ عمران خان سے بھی علیحدگی اختیار کریں۔

ناصر شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی لاڈلے کو قبول نہیں کرے گی۔ قبول اسی کو کرینگے جس کو عوام منتخب کرے گی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ سندھ میں قومی اسمبلی کی 61 نشستوں میں سے 50 سے زائد نشستوں پر پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔ بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں بھی اکثریت حاصل کرکے سب سے پڑی پارٹی بن کر عوام کو نو فروری کو سرپرائز دیںگے۔