فائل فوٹو
فائل فوٹو

سرکاری اسکیم:حج 2024 کی قرعہ اندازی،63805 خوش نصیبوں کے ناموں کااعلان

کراچی :  نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے حج 2024 کیلئے قرعہ اندازی کا اعلان کر دیا، جس کےمطابق ریگولر حج اسکیم میں 69 ہزار 438 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا گیا۔ گزشتہ روز یہاں کراچی پریس کلب میں نگران وزیر مذہبی امور نے پریس کانفرنس میں حج قرعہ اندازی کا اعلان کیا ۔ قرعہ اندازی میں رہ جانے والے 5633 درخواست گزاروں کی روانگی کے شہروں کے لحاظ سے ویٹنگ لسٹ مرتب کر لی گئی۔ متعلقہ شہروں سے حج درخواست کینسل کروانے والوں کی جگہ ویٹنگ لسٹ پر موجود افراد کو منتخب کیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور نے تمام درخواست گزاروں سے کہا ہے کہ انہیں بذریعہ موبائل میسج، ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے اطلاع مل سکے گی۔ سپانسر شپ اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی 31 دسمبر تک جاری رہے گی۔

درخواست گزاروں میں 56 فیصد خواتین اور 44 فیصد مرد عازمین حج شامل ہیں۔ اس موقع پرنگران وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ اس سلسلے میں یہ واضح ہو جائے کہ شفاف نظام رکھا گیا ہے ۔ ہم نےپہلی مرتبہ پاکستان میں قلیل المدتی حج کی سہولت دی ہے۔ہم ہر حاجی کو ایک سوٹ کیس کیو آر کوڈ کے ساتھ دے رہے ہیں تاکہ نہ حاجی اور نہ حاجی کا سامان گم ہو ۔ انہوں نے کہا کہ تمام خواتین کو پاکستانی پرچم ولا ایک عبایا مفت فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سات جی بی کا ڈیٹا کارڈ بھی مفت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو روڈ ٹو مکہ میں شامل کر لیا گیا ہے،حج پیکیج میں ایک لاکھ روپیہ کم کیا گیا ہے ۔ائیر لائن ٹکٹ کو بھی کم کرنے کی کوشش ہے، رعایت حجاج تک منتقل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال حج پالیسی میں 25 ہزار سیٹیں سپانسرشپ اسکیم میں رکھی گئی ہیں ،ہم یہ تمام کام حجاج کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئےکر رہے ہیں ۔