عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں دو پناہ گزین کیمپوں اور جنوبی غزہ میں ایک کویتی اسپتال کو بھی نشانہ بنایا۔ ان تینوں مقامات پر بمباری میں مجموعی طور پر 55 فلسطینی شہید ہوگئے۔
ادھر غزہ میں اقوام متحدہ کے زیلی ادارے UNRWA کے ڈائریکٹر تھامس وائٹ نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ایک امدادی قافلے پر بھی فائرنگ کی حالانکہ اس راستے پر جانے کی اجازت خود اسرائیلی فوج نے دی تھی۔
دوسری جانب اسرائیل کی سیکیورٹی فورسز نے مقبوضہ مشرقی یروشلم کے جنوب میں واقع مزموریہ چیک پوائنٹ پرایک چاقو بردار شخص کو قتل کردیا جس نے دو افراد پر چاقو سے وار کیا تھا۔
واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 21 ہزار 320 ہوگئی جب کہ 55 ہزار 603 زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔