70سال سے عوام محروم،اشرافیہ کی دولت،جائیدادوں میں اضافہ ہوا،سراج الحق

دیر:  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے قیام امن کے لیے شفاف الیکشن کا انعقاد ضروری ہے۔حقیقی عوامی مینڈیٹ سے محروم کمزور حکومت ملک کے مسائل حل نہیں کرسکے گی۔ دیر پائیں میں انتخابی حلقہ این اے 6 میں کارنر میٹنگز میں اور ووٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک تاریخ کے دوراہے پر کھڑا ہے، گزشتہ سات دہائیوں سے عوام کو محروم رکھا گیا، نام نہاد جمہوری حکومتوں اور مارشل لاز کے ادوار میں دوفیصد اشرافیہ کی دولت اور جائیدادوں میں اضافہ ہوا، غریب غریب ترہوتا گیا، مالدارمزید نے مال بنایا۔ سابقہ حکمران جماعتیں ملک کے مسائل کی برابر کی ذمہ دار ہیں، خاندانوں کی حکمرانی کی بجائے جمہور کی حکمرانی قائم کرنا ہوگی، اسی سے ہی مسائل حل ہوں گے۔

ملک کا مسئلہ وسائل کی کمی نہیں، گڈ گورننس، قانون کی حکمرانی اور احتساب کا نہ ہونا ہے۔ الیکشن سے قبل الیکشن متنازع ہوگئے تو کوئی نتائج تسلیم نہیں کرے گا، مزید بے چینی پھیلے گی، جس کا ملک متحمل نہیں ہوسکتا۔ الیکشن کمیشن حلف کی پاسداری کرتے ہوئے غیرجانبدارانہ اور منصفانہ انتخاب یقینی بنائے۔ عوام حق حکمرانی سے مزید محروم رہنے کا کوئی جوازقبول نہیں کریں گے۔ قومی ادارے شدید خسارے میں ہیں، عوام کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں، عدالتوں میں عام آدمی کے لیے انصاف نہیں، طاقتور قانون اور احتساب سے بالاتر ہے۔ عوام 8 فروری کو ترازو پر مہرلگا کر اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھیں۔