بھارت کشمیرمیں اسرائیلی طرزکے مظالم کررہا،مشعال ملک

اسلام آباد:  وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا کہ دنیا بھارتی مظالم پر خاموش ہے مگر کشمیر کے لوگ کب تک پر امن رہیں گے۔گزشتہ روز یہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ غزہ میں خواتین، بچوں اور ہسپتالوں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، کشمیر میں بھی بھارت اسرائیلی طرز کے مظالم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پرامن تحریک کو سبوتاژ کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کر دی گئی، کشمیر میں بھارتی فوج نے عوام کو کئی سال سے محاصرے میں رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پر پاک بھارت دوطرفہ مذاکرات بے نتیجہ رہے، کشمیر میں تمام لیڈر شپ کو جیل میں بند کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 2024میں یاسین ملک کو پھانسی دینے کی پلاننگ ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2024میں بھارت میں الیکشن کا سال ہے بھارت نے مظالم بڑھا دیئےہیں، بھارت میں ہندتوا سے اب ملٹی نیشنل کمپنیوں کو خطرہ ہے، بھارت کی دہشتگردی سے اب پوری دنیا غیر محفوظ ہوچکی ہے۔