کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزبہادرآباد سے متصل پارک میں یونائیٹڈ لیبرفیڈریشن و آل پاکستان آفیسرز ویلفیئرایسوسی ایشن ایم کیو ایم پاکستان کی تنظیم نو کے سلسلے میں جنرل ورکرز اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی، اراکین رابطہ کمیٹی لیبر ڈویژن و آل پاکستان آفیسرز ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اس موقع پرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن ایم کیو ایم پاکستان کی تنظیم نو اور آل پاکستان آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زمہ داران کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صبر و استقلال میں ہمارے دشمن ہم سے ہارچکے ہیں،اس وقت انتخابات کی سب سے زیادہ ضرورت ایم کیو ایم پاکستان کو ہے اگر2018 کی طرح الیکشن کے بجائے سلیکشن ہوئی تو ایم کیو ایم سندھ کے شہری علاقوں کے عوام اس الیکشن کو قبول نہیں کرینگے،پاکستان ایسی جمہوریت کا متحمل نہیں ہوسکتا جہاں عوام رائے کو عزت نہ دی جائے،ہمیں اس پاکستان میں حقیقی جمہوریت قائم کرنیکی کوشش کرنی ہے،ایم کیوایم پاکستان واحد تنظیم ہے جو ایوانوں میں ایسے نوجوانوں کو بھیجتی ہے جن کے باپ دادا ایوانوں میں نہیں رہے،غریب نمائندوں کو عوام کے ووٹ کی طاقت سے جتوا کرسیاسی وڈیروں کے درمیان بھیج کروہ انقلاب لائی جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا،ہمارے ہی نظام سے اس ملک میں انقلاب آئیگا اورعوام کی تقدیربدلے گی،پاکستان ہم بنائینگے ہم ہی عوام کی آخری امید ہیں۔
ڈپٹی کنوینرخواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ اب ہم نوجوانوں کو نئی تربیت دینے جارہے ہیں جسکا سلوگن نظام میں رہ کرنظام کو بدلو ہوگا،ایم کیوایم کا ملازمین کی سیاست میں آنیکا مقصد نظام کے اندرآکرنظام بدلنا ہے،ہماری جنگ جعلی بھرتیوں،رشوت ستانی،پیسے دیکرٹرانسفر پوسٹنگ،غیرمقامی لوگوں کی غیرقانونی بھرتیاں،میرٹ کے قتل کیخلاف ہے،ہم نے تمام سیاسی جماعتوں سے صرف اس لئے اتحاد کیا تاکہ عوامی مسائل حل ہوسکیں لیکن بدقسمتی سے کسی بھی سیاسی جماعتوں نے ہمارے مطالبات مانے اورنہ ہی عوام کو ریلیف دیا،رکن رابطہ کمیٹی عبدالحسیب نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ ایم کیو ایم ختم ہوگئی ہے میں انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ ایم کیو ایم ختم نہیں بلکہ پورے پاکستان میں پھیل چکی ہے،عبدالحسیب نے پاکستان کے مختلف شہروں اوراداروں سے تعلق رکھنے والے یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن کے نو منتخب صدرارشد انصاری اور مرکزی کابینہ کے ذمہ داران کا اعلان کیا،رکن رابطہ کمیٹی راشد سبزواری نے آل پاکستان آفیسرز ویلفیئرایسوسی ایشن کے صدرجاوید شوکت جبکہ دیگر نومنتخب ذمہ داران کا اعلان کیا۔