لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ایک اور جمہوری و انتخابی سنگ میل کامیابی سے عبورکرلیا۔
سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 2 دسمبر 2023 سے شروع ہونے والا پارلیمانی بورڈ کے انٹرویوز کا سلسلہ آج مکمل ہو گیا۔ ملک بھر سے مسلم لیگ (ن) کے 2300 امیدواران کے انٹرویوز ہوئے۔ نوازشریف اور شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ نے جمہوری مشق کو انجام دیا۔
انہوں نے کہا کہ 184 گھنٹے پر محیط مرد و خواتین امیدواران کو تسلی سے سنا گیا۔ انتخابی امیدواران کی سفارشات اور تجاویز کو غور سے سنا گیا۔ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جو مشاورت کے اتنے بڑے اور جامع عمل سے گزری۔ پارلیمانی بورڈ اپنے فیصلوں کا جلد باضابطہ اعلان کرے گا۔