اسلام آباد: ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اسلام آباد کی جانب سے اسکروٹنی کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی۔
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں کے لیے مجموعی طور پر 209 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ 116 امیدواروں کے کاغذات منظور کر لیے گئے جبکہ 93 امیدواروں کے مسترد کردیے گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین کے کاغذات تینوں حلقوں سے مسترد کر دیے گئے جبکہ خواجہ سرا نایاب علی کے منظور کر لیے گئے۔
ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی کل کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا حتمی دن تھا۔ اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں کے لیے مجموعی طور پر 209 امیدواروں نے کاغذات جمع کروائےجن میں سے 116 امیدواروں کے منظور کر لئے گئے جبکہ 93 امیدواروں کے مسترد کر دیے گئے۔
این اے 48 سے 61 میں سے 39 کاغذات منظور اور 22 مسترد کر دیے گئے۔ این اے 48 سے سابق ڈپٹی میئر چوہدری رفعت، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، راجہ خرم نواز ، مصطفی نواز کھوکھر ، پاکستان تحریک انصاف کے سید علی بخاری کے کاغذات منظور ہو گئے۔
پاکستان مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے شیخ انصر عزیز اور کے بھی کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔ این اے 48 سے پی ٹی آئی کے شعیب شاہین اور جماعت اسلامی کے امیدوار کاشف چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔
این اے 47 میں مجموعی طور پر 75 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے 36 منظور کر لیے گئے جبکہ 39 مسترد ہو گئے۔
این اے 47 سے چوہدری رفعت، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ن لیگ کے ذیشان نقوی ، آزاد امیدوار راجہ خرم نواز، پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان ، استحکام پاکستان پارٹی کے عامر کیانی، آزاد امیدوار مصطفی نواز کھوکھر اور خواجہ سرا امیدوار نایاب علی کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے۔
شعیب شاہین کے این اے 47 سے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔ جماعت اسلامی کے امیدوار عبد العزیز کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔
این اے 46 میں مجموعی طور پر 73 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے 41 کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے جبکہ 32 مسترد ہو گئے۔
پیپلزپارٹی رہنماء راجہ عمران اشرف ، مسلم لیگ ن رہنماء ذیشان نقوی اور انجم عقیل خان ، خواجہ سرا امیدوار نایاب علی ، عامر محمود کیانی ، ڈاکٹر بابر اعوان ، جماعت اسلامی کے میاں اسلم کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔
پی ٹی آئی رہنماء شعیب شاہین کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔ مرکزی مسلم لیگ کے چوہدری شفیق الرحمن کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے۔