فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈیرہ اسماعیل خان ,نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان میں مٹہ روڑ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مقتولین موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ ان پر فائرنگ کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ مقتولین شریفہ بی بی واقعہ کی ایف آئی آر میں نامزد تھے۔

جاں بحق ہونے والوں میں باپ بیٹے سمیت 5 افراد شامل ہیں، جبکہ ملزمان واقعے کے بعد فرار ہیں۔

اکتوبر 2017 میں خاندانی تنازع پر ایک بااثر خاندان نے مخالف فریق کی شریفہ بی بی نامی جواں سالہ لڑکی کو برہنہ محلوں اور گلیوں میں گھمایا تھا۔

متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ نے مقامی پولیس اسٹیشن میں واقعے کا مقدمہ درج کرایا تھا، جس میں تمام ملزمان کی نشاندہی بھی کی گئی تھی۔

متاثرہ لڑکی کے بھائیوں نے مقامی پولیس پر کارروائی میں غفلت برتنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا سے انصاف کی اپیل کی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ ایس ایچ او کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان کی بہن کو سجاول اور ان کے ساتھیوں نے پانی کے تالاب سے اس وقت اٹھا لیا تھا جب وہ سہیلیوں کے ساتھ پانی لینے گئی تھیں، جس کے بعد وہ ایک گھر میں چھپ کر پناہ حاصل کرنے کی کوشش کرتی رہی لیکن ملزمان نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر سے باہر نکالا اور غیر قانونی طور پر حراست میں بھی رکھا۔

شریفہ بی بی نے ایف آئی آر سے قبل بیان دیا تھا کہ مقامی پولیس نے اس کے بھائی اور انکل کو حراست میں لیا تاکہ کیس کی پیروی سے روک سکیں۔