لیڈی عملے نے تلاشی لی تو خاتون کے جسم پر بندھے 23 آئی فون 15 پرومیکس برآمد ہوئے۔ فائل فوٹو
لیڈی عملے نے تلاشی لی تو خاتون کے جسم پر بندھے 23 آئی فون 15 پرومیکس برآمد ہوئے۔ فائل فوٹو

شارجہ سے آنے والی خاتون سے 23 آئی فون برآمد

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والی خاتون مسافر سے ممکنہ طور پر92 لاکھ روپے مالیت کے آئی فون برآمد ہوئے ہیں۔ کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے خاتون مسافر کو گرفتار کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کسٹمز بیان میں کہا گیا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز کے اہلکاروں نے خاتون کو روکا۔ خاتون شارجہ سے ایئرعریبیہ کی پرواز سے کراچی پہنچی تھی۔

سامان اسکین کرنے سے معلوم ہوا کہ خاتون کے بیگز میں موبائل فونز کے خالی ڈبے اور گرافکس کارڈز موجود ہیں۔

حکام کے مطابق خاتون سے موبائل فونز کے خالی ڈبوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی تو وہ کسٹمز اہلکاروں کو مطمئن نہ کرسکی۔ لیڈی عملے نے تلاشی لی تو خاتون کے جسم پر بندھے 23 آئی فون 15 پرومیکس برآمد ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ موبائل فونز کسٹمز نے اپنی تحویل میں لے لیے، ان کی مالیت 92 لاکھ روپے ہے، جس پر43 لاکھ روپے کے ڈیوٹی ٹیکسز عائد ہیں۔حکام کے مطابق عدالت سے ریمانڈ حاصل کرکے خاتون سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔