اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی تباہی کی ذمہ دار وہی پارٹیاں ہیں جنھوں نے ایک بار نہیں بار بار حکومت کی، آزمودہ حکمران پھر چاہتے ہیں کہ 8فروری کو لوگ انھیں ووٹ دیں، حکمران طبقات نے اپنے بھائیوں، بیٹوں، بیٹیوں، رشتے داروں میں ٹکٹ تقسیم کیے، ان کی پارٹیاں خاندانی پراپرٹی اور یہ کارکنوں کو ذاتی غلام سمجھتے ہیں۔ اﷲ تعالیٰ نے قوم کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے، سانپوں کو مزید دودھ پلایا گیا تو یہ اژدھے بن جائیں گے، پاکستانی روشن مستقبل، امن، ترقی، مضبوط معیشت کے لیے ترازو پر مہر لگائیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کوآرڈی نیٹر جاوید قریشی کی اپنے ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر میاں محمد اسلم، امیر ضلع نصراﷲ رندھاوا، کاشف چودھری،عبدالرزاق عباسی و دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔سراج الحق نے کہا کہ آج ملک میں ادارے کمزور، معیشت تباہ، نوجوان بیروزگار، بچے تعلیم سے محروم ہیں تو اس کا ذمہ دار عام پاکستانی نہیں بلکہ وہ ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دارہیں جنھوں نے سالہاسال حکومت کی۔ قوم سوال پوچھتی ہے کہ ان حکمرانوں نے عوام کے لیے کیا کارنامہ سرانجام دیا؟ ۔