حافظ آباد: سابق وزیر قانون، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں تاحیات نااہلی کیس کا بینچ صرف نواز شریف کے لئے قائم نہیں کیا گیا،تاحیات نا اہلی کے فیصلے کی ترمیم سے نہ صرف نواز شریف بلکہ سو کے قریب پارلیمنٹرین کو فائدہ ہو گا اور کئی نئے آنے والے ارکان اسمبلی بھی اس سے فائدہ حاصل کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواحی گاؤں جیدکے میں چودھری ندیم رانجھا کی قیادت میں رانجھا، لنگاہ اور دیگر برادریوں کی مسلم لیگ(ن)میں شمولیت اور لیگی اُمیدواروں کی حمایت کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی اُمیدوار قومی اسمبلی این اے 67سائرہ افضل تارڑ، اُمیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 38 شیخ گلزار احمد، انجمن تاجران غلہ منڈی کے صدر محمد اعظم سمور، سیکرٹری حاجی عبدالحمید رحمانی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سائرہ افضل تارڑ نے کہا 2024ء کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی اور ہم اقتدار میں آنے کے بعد حافظ آباد کی تعمیر و ترقی، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ماضی کی طرح عملی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا عوام فتنہ خان اور ان کے نام نہاد لیڈروں کے جھوٹے دعوؤں پر مت جائیں ، یہ کسی صورت بھی ملک و قوم کے لئے مخلص نہیں ہو سکتے۔ شیخ گلزار احمد نے کہا انتخابات میں کامیاب ہو کر میرا مشن عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت اپنے حلقہ کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرنا ہے۔
علاوہ ازیں سائرہ افضل تارڑ نے ضلعی سیکرٹریٹ میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی جس طرح سے بنائی گئی، اسی طرح سے ختم ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وہ کارکنان جنھوں نے عمرانی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا سامنا کیا، وہ پارٹی کا سرمایہ ہیں۔