غزہ : اسرائیلی فوج نے شدید گولہ باری اور میزائل حملوں نے غزہ کی پٹی کو ہلا کر رکھ دیا۔ اسرائیلی طیاروں اور ٹینکوں نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے مشرقی اور شمالی علاقوں پر بمباری تیز کر دی ہے فلسطینی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے 223 فلسطینی جاں بحق اور338 زخمی ہو گئے ہیں۔ 87 ویں روز سے جاری بمباری کے نتیجے میں 22185 فلسطین جاں بحق اور57035 زخمی ہو گئے ہیں۔ اسرائیل نے مغربی کنارے کے متعدد شہروں میں رات گئے چھاپے مارے جن میں رام اﷲ، جیریکو (اریحا)، جنین اور قلقیلیہ شامل ہیں۔وفا کے مطابق قلقیلیہ میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوا جبکہ دوسرا جنین میں چھروں سے زخمی ہوا۔ شمالی مغربی کنارے کے شہر نابلس سے تعلق رکھنے والے قیدی عبدالرحمن باسم البحاش اسرائیل کے بدنام زمانہ عقوبت خانے مجد میں صہیونی جلادوں کے تشدد سے شہید ہو گیا ۔
اسرائیلی فوج کی غزہ میں دیر البلاح کے علاقے میں گھر پر بم باری کے نتیجے میں 15فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ خان یونس، رفح اور المغازی کیمپ پر بھی اسرائیلی حملے ہوئے ہیں جن میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے زخمی فلسطینی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج نے طبی عملے کو زخمی فلسطینی تک پہنچنے سے روکنے کےلئے ان پر فائرنگ بھی کی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے پورا سال جنگ جاری رکھنے کی دھمکی دے دی۔اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہاہے کہ القسام کے مزاحمت کار پچھلے چار دنوں کے دوران ٹینکوں سمیت 71فوجی گاڑیوں کو تباہ کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ مجاہدین نے 16قابض فوجیوں کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کیا، اس دوران 42فوجی مشن انجام دئیے جس میں متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔ابوعبیدہ نے کہا کہ القسام بریگیڈز نے دشمن کے فوجیوں کے دو مکانات اور دو سرنگوں کو اڑا دیا، قابض فوج کی گاڑیوں اور فوجیوں میں موجود ایک بارودی سرنگ کو اڑا دیا، اس کے علاوہ دو سنائپر آپریشنز اور غزہ کی پٹی کے آسمان میں ایک ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا۔مجاہدین نے دو جاسوس طیاروں کو مار گرایا اور ایک اور ڈرون پر قبضہ کر لیا۔ اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں فضائی حملہ کیا جس سے بعض عمارتوں کو نقصان پہنچا۔اسرائیلی حکام نے اپنی فوج کی نااہلی کا اعتراف کرلیا، غزہ میں گراؤنڈ آپریشن کے دوران 29 فوجی فرینڈلی فائر میں مارے گئے۔