پی ٹی آئی سے بلا دوبارہ چھن گیا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال

پشاور :پی ٹی آئی سے بلا دوبارہ چھن گیا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال یوگئا،پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی نظر ثانی اپیل پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرلی اور حکم امتناع واپس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 22 دسمبرکا فیصلہ بحال کردیا ہے۔

پشاور ہائیکورٹ نے فیصلے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے، 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن کو مینڈیٹ کے مطابق الیکشن کا عمل جاری رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔

پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس کے فیصلے پر نظرثانی اپیلوں کی سماعت ہوئی، اس دوران پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا قانون ہے جس انتخابی نشان پر پچھلے انتخابات لڑے اگلے بھی اس پر لڑے جائیں۔

جسٹس اعجاز خان نے الیکشن کمیشن کی ہائیکورٹ کے 26 دسمبر آرڈر پر نظرثانی درخواست پر سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر مہمند اور پی ٹی آئی کے وکیل شاہ فیصل اتمانخیل عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت جسٹس اعجاز نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ آپ کے دلائل ہم نے سننے ہیں۔ جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ میں سماعت سننے کے لئے آیا ہوں۔