بھارتی تاجر نے بیوی، بیٹی کو قتل کر کے خودکشی کر لی

بوسٹن(اُمت نیوز) امریکہ میں بھارت نژاد تاجر نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خود بھی خودکشی کر لی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست میسا چوسٹس کے ایک لگژری بنگلے سے 2 خواتین سمیت 3 افراد کی لاشیں ملیں جن کی شناخت بھارتی نژاد 57 سالہ راکیش، 54 سالہ ٹینا اور 18 سالہ آریانا کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق بنگلے سے ملنے والی لاشوں سے متعلق قبل ازوقت کچھ کہنا مشکل ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں اور بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تاجر نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کو قتل کر کے خود کو بھی گولی ماری ہے۔

انہوں ںے کہا کہ راکیش کمل کی لاش کے پاس سے اسلحہ ملا جو اس کے نام پر رجسٹرڈ نہیں تاہم تینوں کی اموات اسی بندوق سے ہوئی ہے۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ بندوق کی مکمل فرانزک اور بیلسٹکس ٹیسٹنگ کو حتمی شکل نہیں دی گئی، اسلحے کے اصل مالک کی تلاش میں شراب، نشے، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کے بیوپاریوں سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ راکیش کمل کی وسیع و عریض حویلی 19 ہزار مربع فٹ پر محیط ہے، جس میں 11 بیڈ اور 14 باتھ رومز ہیں اور یہ حویلی ریاست کے امیر ترین اور محفوظ علاقے میں واقع ہے۔

حویلی کو راکیش کمل نے 2019 میں 40 لاکھ امریکی ڈالر میں خریدا تھا اور اب اس کی مالیت ساڑھے 54 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔

ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ ٹینا اور راکیش ایک تعلیمی کمپنی چلا رہے تھے اور انہیں حالیہ برسوں میں مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے کمپنی 2016 میں شروع کی تھی اور دسمبر 2021 میں تحلیل کر دی تھی۔