بلے کا نشان واپس لینے کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار

لاہور (اُمت نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لینے کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس جواد حسن نے تحریک انصاف کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا، گزشتہ سماعت میں پی ٹی آئی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر پشاور کیلئے بلے کا نشان دیا گیا ہے، پنجاب کیلئے لاہور ہائیکورٹ حکم جاری کر سکتی ہے، مسئلہ یہ ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلے کا نشان ہوگا اور پنجاب میں یہ نشان نہیں ہو گا،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے الیکشن کے معاملات میں دخل اندازی نہیں ہونی چاہیے، تحریک انصاف کو ایک ریسرچ ونگ بنانا چاہیے جو ریسرچ کر کے کیس فائل کرے۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ درخواست ناقابلِ سماعت ہے، درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے، یہ درخواست تحریک انصاف کی جانب سے دائر نہیں ہوئی، وکیل نے اپنے طور پر دائر کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کے معاملات میں دخل اندازی سے روک رکھا ہے، درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق نہیں بنایا گیا۔ دریں اثنا عدالت نے درخواست گزار سے اہم سوالات کے جواب مانگ لئے۔ عدالت نے درخواست گزار کو اِن سوالات کے تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے درخواست پر فیصلہ محفوظ کیاتھا۔ خیال رہے کہ 22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے کر انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔