شیخ رشید اور فردوس شمیم نقوی کے کاغذات نامزدگی منظور

اسلام آباد(اُمت نیوز)الیکشن ٹریبونل نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے این اے 56 اور 57 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے ہیں۔
الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔
عدالت نے شیخ رشید کے کاغذات پر آر او کے اعتراضات مسترد کردیے۔
اس حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھے نااہل قرار دینے کی سازش ناکام ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ میں خاندانی ہوں، اصلی ہوں، نسلی ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں کسی کی عزت سے نہیں کھیلا، کسی کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے لوگوں باہر نکلو، آپ نے قلم دوات پر ووٹ دینا ہے۔
دوسری جانب این اے 236 سے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کے کاغذات بھی منظور کرلیے گئے۔
دوران سماعت اپیل کنندہ کے وکیل نے کہا کہ پارٹی کا نشان نہ ہونے پر کاغذات مسترد کیے گئے۔
جس پر جسٹس خادم حسین نے کہا کہ یہ تو پارٹی بعد میں فیصلہ کرے گی کون امیدوار ہوگا، جانچ پڑتال کے مرحلے پر کاغذات کیسے مسترد ہوگئے، قانون بتائیں کہ نامزدگی کے وقت انتخابی نشان ہونا ضروری ہے۔
جسٹس خادم حسین نے سوال کیا کہ کیا تحریک انصاف نے امیدوار سے لاتعلقی کا اظہارکیا ہے؟
اس کے بعد الیکشن ٹریبونل نے فردوس شمیم کے کاغذات منظور کرلیے