ماسکو ( اُمت نیوز ) متحدہ عرب امارات (یواے ای ) کی ثالثی اور مذاکرات کے نتیجے میں روس اور یوکرین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت 448 فوجیوں کا تبادلہ کیا گیا ۔
عرب میڈیا کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے گزشتہ روز ایک بیان میں 248 روسی فوجیوں کی رہائی کا اعلان کیا ہے ، یوکرین کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے میں کئی مہینوں میں پہلی بار 248 روسی فوجیوں کی بازیابی ہوئی۔
اس حوالے سے روسی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز ایک مشکل مذاکراتی عمل کے نتیجے میں 248 روسی فوجیوں کو یوکرین حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں سے واپس بھیج دیا گیا ہے جو متحدہ عرب امارات کی ثالثی کی بدولت ممکن ہوا ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ رہائی پانے والے تمام روسی فوجیوں کو ضروری طبی اور نفسیاتی امداد دی جا رہی ہے اور روسی فضائیہ کے ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے فوجی اہلکاروں کو وزارت دفاع سے منسلک طبی اداروں میں علاج اور بحالی کے لیے پہنچائیں گے۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے روس سے 200 سےزیادہ یوکرینی قیدیوں کی واپسی کی تصدیق کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فروری 2022ء میں جنگ کے آغاز کے بعد سے دونوں ممالک متعدد بار قیدیوں کا تبادلہ کر چکے ہیں۔