حیدرآباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 219 سے امیدوار ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی حیدرآباد سمیت پورے سندھ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو واک اوور نہیں لینے دے گی سندھ میں جہالت،بیماریاں،بے روزگاری بڑھی ہے پیپلز پارٹی سندھ میں مسلسل حکمران رہی لیکن صوبے کی حالت نہیں بدلی، ایم کیو ایم شہری علاقوں سے پیپلز پارٹی مخالف ووٹ لیتی ہے لیکن بعد میں پیپلز پارٹی کی گود میں بیٹھ جاتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان، قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران این اے 218 حیدرآبادون سے سردار زبیر خادم سولنگی، این اے 220 حیدرآباد تھری سے حافظ طاہر مجید، پی ایس 260 سے قاری محبوب مہیسر پی ایس 61 سے ایڈوکیٹ فتح محمد شورو، پی ایس 62 سے ڈاکٹر سیف الرحمن، پی ایس 63 آفاق نصر،پی ایس 64 سے ظہیر الدین شیخ اور پی ایس 65 سے عرفان قائم خانی بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ انتخابی مہم میں جماعت اسلامی بھرپور حصہ لے گی،حیدرآباد اور کراچی میں جماعت اسلامی ایسے نتائج دے گی کہ سب حیران ہوجائیں گے، یہ شہر آج مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، روزگار کے کوئی مواقع نہیں ہیں، ایم کیو ایم پیپلز پارٹی مخالف ووٹ لیتی ہے اور پھر دریا جا کر پیپلز پارٹی کے سمندر میں گر جاتا ہے، شہریوں کی تذلیل ہوتی ہے تو ایم کیو ایم کو کوئی فرق نہیں پڑتا ہمارا ماضی دیانتداری اور وفاداری کا ہے، ترازو کے امیدوار جب میدان میں اتریں گے تو عوام ان پر اعتبار کریں گے۔