ہمارامقابلہ ن لیگ یا پی ٹی آئی نہیں،مہنگائی،بیروزگاری سےہے،بلاول بھٹو

لاہور: چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ن لیگ یا تحریک انصاف سے نہیں ہے بلکہ غربت،مہنگائی اور بےروزگاری سے ہے، نوازشریف کو 8فروری کو دل کی تکلیف ہونی ہی ہے اس کیلئے رائیونڈ میں ہسپتال بنائیں گے۔وہ گزشتہ روز جاتی امراء رائیونڈ میں مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور میو کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد انکے فارم پر جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ،اس موقع پر اسلم گل،رانا جمیل منج،حافظ غلام محی الدین،امجد جٹ،سونیا خان،رانا جواد،عمران اٹھوال،کامران خلیل،رانا صفدر دلشاد, ذوالفقار علی بدر،عائشہ نواز چودھری بھی موجود تھے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا منشور ہے کہ لوگوں کی تنخواہوں اور آمدن کو ڈبل کرنا ہے،پیپلز پارٹی غریب خاندانوں کو تین سو یونٹ بجلی مفت دے گی، نوجوانوں کو مفت تعلیم دلوائے گی،ہم ہر شہری کو مفت اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔ان کا کہناتھا کہ ہم نے سندھ کے ہر ضلع میں مفت علاج کے لئے ہسپتال کھڑے کئے ہیں،رائیونڈ میں ن لیگ نے عوام کو صحت کی سہولیات کے لئے کوئی ہسپتال نہیں بنایا۔ان کا مزید کہناتھا کہ ہم چودھری عبدالغفور میو اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہم نفرت ، تقسیم اور گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہیں،ہم نے منشور پر الیکشن لڑنا ہے۔آپ نے ہمارا10نکاتی منشور کو رائیونڈکے عوام تک پہنچانا ہے۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز چیئرمین بلاول بھٹو نے این اے 127 کے صوبائی حلقہ پی پی 162 کے گرین ٹاؤن الیکشن آفس کا دورہ بھی کیا،کارکنوں اور عوام سے ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری دوروزہ دورہ پرملتان پہنچ گئے ہیں، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ آصف زرداری پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے ٹکٹس کا فیصلہ بھی کریں گے۔دریں اثنا ء شازیہ مری نے پیپلز پارٹی سنٹرل سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سی ای سی اجلاس میں تاریخی فیصلہ کیا گیا اور یہ میٹنگ یاد رکھی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی مسائل کو ہمارا منشور ہٹ کرے گا، ایک سوال کےجواب میں شازیہ مری نے کہا کہ خورشید شاہ کی ایاز صادق سے ملاقات پر بلاول نے وضاحت مانگی تھی۔نواز شریف سندھ کے عوام کو ماموں نہ بنائیں۔