اسلام آباد :وزارت خارجہ میں سفیروں کی تین روزہ کانفرنس جمعرات کو شروع ہوگئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی سفیروں کی کانفرنس میں علاقائی نمائندوں کے ساتھ ساتھ اہم دارالحکومتوں سے پاکستان کے سفیروں کو مدعو کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق کانفرنس کا آغاز وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کے افتتاحی خطاب سے ہوا،نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اہم خطاب کریں گے۔وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اسلام آباد میں ہونے والی سفیروں کی کانفرنس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور عالمی اور علاقائی پیش رفت پر باقاعدہ بحث کی اہمیت پر زور دیا۔
کانفرنس میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی جہتوں پر غور و خوض اور سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سفیروں کی کانفرنس علاقائی اور عالمی پیشرفت کے پیش نظر پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بحث کے لئے بلائی جاتی ہے۔