اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے منشور کمیٹی کے چیئرمین عرفان صدیقی سے رابط کرکے منشور سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا،ذرائع کا کہنا ہے نواز شریف نے ہدایت کی کہ منشور میں کوئی ایسا وعدہ یا بات شامل نہ کریں جو ہم پورا نہ کرسکیں، عوام سے جو کہیں گے وہ کرکے بھی دکھائیں گے،میں عوام کو سبز باغ دکھانا چاہتا ہوں نہ روایتی منشور کا حامی ہوں۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف کو منشور کا ابتدائی مسودہ بھجوایا گیا تھا جس میں نئی موٹر ویز کی تعمیر اور نوجوانوں کو روزگار دینا ترجیحات میں شامل تھا، تاہم کچھ نکات پرلیگی قائد نے اعتراض اٹھایا اور اسے دور کرنے کی ہدایت کی،وہ منشور میں 2017 ءکے منصوبے دوبارہ شروع کرنے کے بھی خواہاں ہیں۔عرفان صدیقی نے کہا لیگی قائد کی ہدایت پر قابل عمل منشور تیار کررہے ہیں،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو فوکس کرکے منشور کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔