اسلام آباد: مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سنی علما کونسل علامہ مسعود الرحمن عثمانی نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ میں جاںبحق جبکہ انکا ڈرائیور زخمی ہوگیا ،ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ ترجمان سنی علما کونسل کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ کھنہ کی حدود میں غوری ٹاؤن میں پیش آیا ۔موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مسعود الرحمٰن عثمانی پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
مسعود الرحمن عثمانی کے ڈرائیور بھی زخمی ہوگئے۔پولیس ترجمان کے مطابق بھاری نفری موقع پر موجود رہی۔سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا جارہا ہے۔پاکستان علماء کونسل نے معروف عالم دین اور اہلسنت والجماعت پاکستان کے رہنما علامہ مسعود الرحمٰن عثمانی کی المناک شہادت پر گہرے رنج و کم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیدنا صدیق اکبر کے یوم وفات کے موقع پر مولانا عثمانی کی ٹارگٹ کلنگ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش ہے پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و شیوخ کو دشمن کی سازش کو تحمل، برداشت اور بردباری سے ناکام بنانا ہوگا۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد ، و دیگر نے علامہ مسعود الرحمن عثمانی کی شہادت پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت علامہ عثمانی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ اہلسنت والجماعت کے مرکزی سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے جماعت کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مسعودالرحمن عثمانی کی وفاقی دارالحکومت میں دن دیہاڑے قاتلانہ حملے میں شہادت کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرئے بصورت دیگر وہ جماعت کے اکابرین کی مشاورت سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے جان لیوا حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں سکتے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی،قائد ایوان اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیااور کہاکہ علامہ مسعود الرحمان عثمانی پر حملہ گھناؤنا فعل اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔