پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی نے الیکشن التوا مسترد کردیا

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کے التوا کے لیے سینیٹ میں جمعہ کو منظور کی گئی قراردادوں کو مسترد کردیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ میں الیکشن ملتوی کرنے کے حوالے سے قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ہوں گے۔ مسلم لیگ ن نے کہا کہ پارٹی کا دوٹوک فیصلہ ہے 8فروری کو الیکشن ہونگے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 8 فروری کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے بھرپور تیار ہے، جب سب الیکشن کے التوا کی بات کرتے تھے تو پاکستان پیپلزپارٹی الیکشن کے انعقاد کی بات کرتی تھی، پیپلزپارٹی نے انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد کی حمایت نہیں کی بلکہ اس کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں، قرار داد پر ہمارے دستخط بھی نہیں۔

جمعہ کو سینیٹ میں الیکشن التوا کی قرار داد پاس ہونے کے بعد کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے میدان میں صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی سرگرم عمل نظر آئی ہے، ہمارا شروع دن سے مؤقف سب کے سامنے ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سب سے زیادہ جلسے کیے اور الیکشن کے لیے سرگرم رہے ہیں۔ایک اور سوال کے جوا ب میں انہوں نے کہا کہ بہرہ مند تنگی نے وضاحت کی کہ انہوں نے مخالفت کی ہے، سینیٹ اجلاس کی ویڈیو دیکھ کر بہرہ مند تنگی سے وضاحت لیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے سینیٹ میں انتخابات کو ملتوی کرنے کی قرارداد کی شدید مذمت کی ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ عام انتخابات کو ملتوی کرنے کے لیے سینیٹ کی خود ساختہ قرارداد کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ قرارداد سینیٹ میں کورم پورا نہ ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر منظور کی گئی۔