پورٹ لینڈ(اُمت نیوز) اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد 16 ہزار فٹ پر پرواز کرتے طیارے کی کھڑکی نکل گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق مسافر طیارہ امریکی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ سے کیلی فورنیا کے شہر اونٹاریو جا رہا تھا کہ 16 ہزار فٹ کی بلندی پر اچانک طیارے کی ایک کھڑکی اڑ گئی۔طیارے میں عملے کے 6 ارکان سمیت 180 افراد سوار تھے جسے کھڑکی ٹوٹنے کے بعد دوبارہ پورٹ لینڈ کے ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
طیارے کے مسافر کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو میں ٹوٹی ہوئی کھڑکی اور طیارے کے اندر ہنگامی صورتحال کے باعث باہر آ جانے والے آکسیجن ماسک دیکھے جا سکتے ہیں۔ واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
مسافر طیارے کی کھڑکی اڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔