اسلام آباد: طیبہ گل نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔
سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرنیوالی طیبہ گل کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں مجھے وزیراعظم ہاؤس میں دھمکیاں دی گئیں، پی ٹی آئی کو ڈر تھا باہر گئی تو حقائق سب کو معلوم ہو جائیں گے۔ کوئی مدینہ کی ریاست نہیں تھی، لوگوں کو بے وقوف بنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انہیں یقین دلایا کہ جاوید اقبال کے خلاف کارروائی کریں گے۔ میں نے ان پر بھروسہ کیا، ثبوت مہیا کئے لیکن انہوں نے سیاسی فائدہ اٹھایا اور پی ٹی آئی نے اپنے نیب کیسز ختم کروائے۔ دوسری جانب جاوید اقبال نے سمجھوتہ کیا، پی ٹی آئی کے مخالفین کی گرفتاریاں کیں۔
طیبہ گل نے کہا کہ مجھے 45 دن وزیراعظم ہاؤس میں حبس بے جا میں رکھا گیا اور دھمکیاں دی گئیں۔ مجھ سے پی ٹی آئی حکومت نے بلینک بیان حلفی لیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی کے نوٹس میں سارا معاملہ تھا مگر مجھے انصاف کہیں نظر نہیں آیا۔
طیبہ گل نےمزید کہا کہ اعظم خان نے میرے دروازے پر پہرہ دینے کیلیے سیکیورٹی کھڑی کی تھی۔ مجھے وزیراعظم ہاؤس میں ہراساں کیا گیا میرے پاس ثبوت ہیں جو پی ٹی آئی حکومت نے مٹانے کی کوشش کی۔