اسلام آباد: لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر پی ٹی آئی کے الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کیس میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کروا دیا،الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کرنے کے الزامات مسترد کردیے،الیکشن کمیشن نے کہاکہ عدالت پی ٹی آئی کی درخواست جرمانہ عائد کرتے ہوئے مسترد کرے۔
الیکشن کمیشن نے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کی گئی،ملاقات میں تحریک انصاف کو بلاتفریق لیول پلیئنگ فیلڈ کی یقین دہانی کروائی گئی،الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے آئی جیز کو ہدایات بھی جاری کیں،جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ 26دسمبر تک تحریک انصاف کی ملک بھر میں 33شکایات درج کروائی گئیں، پی ٹی آئی کی شکایات پر اقدامات کرتے ہوئے ہدایات کی تفصیلات بھی فراہم کردیں۔
جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی جی، چیف سیکریٹری اور آر اوز نے عملدرآمد رپورٹس بھی جمع کروائیں،لیول پلیئنگ فراہم نہ کرنے کے الزامات آر اوز رپورٹ کے تناظر میں مسترد کرتے ہیں،پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کیلیے 843میں 598کاغذات نامزدگی منظور کیے،تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کیلیے 245کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔
صوبائی اسمبلیوں کیلیے پی ٹی آئی کے1777میں 1308کاغذات نامزدگی منظور ہوئے،صوبائی اسمبلیوں کیلئےپی ٹی آئی کے379کاغذات مسترد ہوئے،پی ٹی آئی امیدواروں کے 76.18فیصد کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے۔