فائل فوٹو
فائل فوٹو

پرویز الہی اوران کی اہلیہ انتخابات سے باہر ہو گئے

لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل نے تحریک انصاف کے صدر وسابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، اپیلٹ ٹریبونل نے پرویز الٰہی اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے،پرویز الٰہی کی این اے 59اور پی پی 23سے اپیلیں مستردکی گئیں۔

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل نے تحریک انصاف کے صدر وسابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت  کی،اپیل پر سماعت جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کی، پرویز الہی نے این اے 59 اور پی پی 23 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے،الیکشن کمیشن کے لا افسر فلک شیر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لا ذوالقرنین حیدر عدالت پیش ہوئے،الیکشن کمیشن نے پرویز الٰہی کے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے ریکارڈ عدالت پیش کر دیا،پرویز الہی کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔

وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن ٹریبونل نے چوہدری پرویز الہی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔بعدازاں ٹریبونل نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الٰہی اور ان کی اہلیہ کی  اپیلیں مسترد کردیں۔