راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک شخص سے دوستی کی خاطر اس عمر میں چالیس دن کا چلا کاٹا ہے، اسکے بارے میں مزید کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔اگرعوام اہل سمجھیں تو 8 فروری کو مجھے ضرور ووٹ دیں۔ گزشتہ روزراولپنڈی کے حلقہ این اے 57 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ نسلی اور اصلی ہوں، ساری زندگی جدوجہد میں گزاری، واحد آدمی ہوں جس کا ساتویں آٹھویں کلاس میں کورٹ مارشل ہوا ہے۔ زندگی مشن کا نام ہے، جس آدمی کا کوئی مشن نہیں تو وہ صرف گاجر مولی ہے۔ لال حویلی کے جس گھر میں رہتا ہوں ساری دنیا اسکو طوائف گھر کہتی ہے، اسکی مرتے وقت کی وصیت آج بھی میرے پاس ہے، ڈاکٹر قدیر خان نے سجان سنگھ کی اس حویلی کیلئے پیسے دئیے تھے۔ میں نے اس شہر کو ساٹھ تعلیمی ادارے دیئے اور آج اسکی پہچان تعلیمی شہر سے ہوتی ہے، ان پانچ لوگوں میں شامل ہوں جنہوں نے خانہ کعبہ کی چھت پر نماز پڑھی ہے، آپ بچوں سے معافی چاہتا ہوں اگر کچھ غلطی ہوئی ہو۔ 17 دفعہ وزیر رہا اور ہر بار آپکے تعاون سے وزیر رہا ہوں، آدمی وہی بڑا ہے جو سچ بولے۔