لبنان پر اسرائیل کے فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر شہید

بیروت: جنوبی لبنان میں پیر کے روز اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کی فورس کا ایک سینئر کمانڈر شہید ہوگیا۔ حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیلی فضائی اڈے پر 62 راکٹ داغے گئے تھے جس کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ حزب اللہ بھی حماس کی طرح سبق سیکھ لے۔ پہلے سفارتی ذرائع سے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے ورنہ دوسرا طریقہ نکالیں گے۔

خبررساں ادارے روئٹرز نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والے کمانڈر کی شناخت وسام الطویل کے نام سے ہوئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے وسام الطویل حزب اللہ کی فورس کے ایک یونٹ کے نائب سربراہ تھے۔

سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ حزب اللہ کمانڈر اس وقت شہید ہوئے جب لبنان کے گاؤں مجدل سلیم پر ایک حملے میں ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے کمانڈر وسام الطویل کو نشانہ بنانا انتہائی تکلیف دہ حملہ ہے، اب حالات خراب ہو جائیں گے۔

سات اکتوبر کو اسرائیلی سرزمین پر حماس کے حملے کے بعد سے سرحد پار گولہ باری شروع ہونے کے بعد سے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 130 سے زائد کارکن جاں بحق ہو چکے ہیں۔