فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملک کی ترقی کیلئےبہترین انفراسٹرکچرکلیدی حیثیت رکھتا ہے،نگراں وزیراعظم

اسلام آباد:نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک کے ایسے حصوں میں شاہراہوں کی ترجیحی بنیادوں پر تعمیر اور بحالی کی فوری ضرورت ہے جہاں بیرونی سرمایہ کاری متوقع ہے، بلوچستان میں سڑکوں کے نیٹ ورک پر خصوصی کام کی ضرورت ہے۔

نگراں وزیر اعظم نے کہاکہ  کراچی تا چمن شاہراہ کی بحالی اور تعمیر نو کا رکا ہوا کام جلد از جلد شروع کیا جائے ، نئی شاہراہوں کے منصوبے تیار کرتے ہوئے تفصیلی منصوبہ بندی اور وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔

انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سڑکوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے، کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے بہترین انفراسٹرکچر کلیدی حیثیت رکھتا ہے ، سڑکوں کا جال بچھائے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔