لاہور (اُمت نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی عبوری ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد 121 ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 10 فروری تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق رہنما تحریک انصاف اسد عمر کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کر لی۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں جناح ہاؤس پر حملے کا مقدمہ درج ہے۔