فورم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ فوٹو آئی ایس پی آر
فورم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ فوٹو آئی ایس پی آر

پاک سعودی دفاعی تعاون کا تیسرا اجلاس ،تعاون بڑھانے کا اعادہ

راولپنڈی: پاک سعودی دفاعی تعاون کا تیسرا اجلاس جی ایچ کیو میں منعقد ہوا ۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

شرکا نے دو طرفہ دلچسپی کے امور اور ابھرتی ہوئی سیکیورٹی کی صورتِ حال پر گفت گو کی، فریقین نے تمام شعبوں میں دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

پاکستان اور سعودی عرب نے ملٹری ٹیکنالوجی میں ترقی اور مشترکہ مقاصد کی تکمیل کے لیے دفاعی صنعتی تعاون کی ضرورت پرغور کیا۔

پاکستان اورسعودی عرب نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں خود کفالت حاصل کرنے کے لیے تعاون کا بھی اعادہ کیا۔

فورم نے دفاعی تعاون میں مزید اضافے اور نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت کا اعادہ بھی کیا۔

پاکستان،سعودی عرب اور ترکی کا دفاعی تعاون کا دوسرا اجلاس

قبل ازیں پاکستان،سعودی عرب اور ترکی کا سہ فریقی دفاعی تعاون کا دوسرا اجلاس  جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں دفاعی سازوسامان کی ٹیکنالوجیز بشمول تحقیق اور ترقی میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تینوں فریقوں نے مشترکہ مقاصد اور دفاعی شعبے میں خود کفالت کے حصول کے لیے تینوں دوست ممالک کے فکری، تکنیکی، مالی اور انسانی وسائل کو یکجا کرنے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

فوٹو آئی ایس پی آر
                                                              فوٹو آئی ایس پی آر

تاریخی برادرانہ تعلقات کو تسلیم کرتے ہوئے تینوں فریقوں نے سہ فریقی تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے اور مشترکہ اہداف کے حصول میں تعاون کی رفتار کو بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

تینوں فریقوں نے فروری 2024 کے دوران ریاض میںعالمی دفاعی شو کے دوران سہ فریقی دفاعی صنعتی تعاون پر اگلی میٹنگ بلانے پر اتفاق کیا۔