فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

والد کی سزا بچوں کو نہیں دی جاسکتی، ذوالفقار مرزا کے بیٹوں کے کاغذات منظور

کراچی: ذوالفقار مرزا کے بیٹوں حسنین اور حسام کی کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے پر ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے اپیلیں منظور ہوگئی ہیں، ٹریبونل نے دونوں کے کاغذات مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

ٹریبونل نے این اے 223 سے حسام مرزا اور پی ایس 70 سے حسنین مرزا کے کاغذات منظور کرلیے۔

گزشتہ روز ٹریبونل نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ان کے شوہر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔

ٹریبونل کے فیصلے کے بعد جی ڈی اے امیدوار حسنین مرزا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے انصاف کا تقاضا برقرار رکھا گیا ہے، والدین پر اگر کوئی الزام ہے تو ان کی سزا بچوں کو نہیں دی جاسکتی۔

حسنین مرزا نے کہا کہ الیکشن کے نظام پر ریاست سے ایک سوال ضرور ہے، واضح قانون کے باوجود آر او نے والدہ پر الزام کے تحت کاغذات مسترد کیے، کیا ایسے فرد آر او کی حیثیت میں شفاف انتخابات کروا سکتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ تحریری فیصلہ آئے تو اس کو بنیاد بنا کر درخواست دیں گے، کل بھی عدالت میں مختصر فیصلہ دیا گیا، اب تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ تحریری فیصلہ جلد جاری کیا جائے۔