راولپنڈی / سوات: لاہور ہائی کورٹ راول پنڈی بنچ کے الیکشن ٹربیونل نے فواد چوہدری کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیلیں خارج کردیں۔
فواد چوہدری کی این اے 60 اور 61 جہلم سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کی اپیلیں مسترد ہوگئیں۔
الیکشن ٹربیونل جج جسٹس چودہری عبدالعزیز نے فیصلہ سناتے ہوئے فواد چوہدری کیخلاف تمام اعتراضات کو درست قرار دیتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔
عدالت نے کہا کہ فواد چوہدری نے اہلیہ کے بنک اکاؤنٹس اور غیر ملکی دورے چھپائے، انہوں نے بیان حلفی بھی نہیں دیا اور منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات بھی چھپائے۔
فواد چوہدری انتخابی میدان سے آؤٹ ہوگئے۔ جبکہ ان کی اہلیہ حبا چوہدری پہلے ہی نااہل ہوچکی ہیں۔
وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ لارجر بینچ میں چیلنج کریں گے۔
دوسری جانب سوات کی الیکشن اپیلٹ کورٹ نے مراد سعید کی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 4 سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف درخواست کی سماعت کی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ مراد سعید کا مختیار نامہ تصدیق شدہ نہیں اور وہ خود عدالت پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے اپیل پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست خارج کر دی۔
واضح رہے کہ رینٹرننگ افسر نے 30 دسمبر کو مذکورہ حلقے سے مراد سعید کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے۔