پی ٹی آئی قیادت 4 کروڑ میں ٹکٹ فروخت کررہی ہے،کارکنان کا الزام

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے الزام عائد کیا ہے کہ پارٹی قیادت چار کروڑ روپے میں امیدوار کو ٹکٹ فروخت کررہی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان رہنما سعود شاہ روغانی نے ساتھیوں کے ہمراہ مرکزی سیکریٹریٹ کے باہر احتجاج کیا اور پارٹی کی موجودہ قیادت پر سنگین الزاما عائد کیے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی ٹکٹ چار کروڑ روپے میں فروخت کیا جارہا ہے اور اسٹیبشلمنٹ کے قریبی لوگوں کو بھی ٹکٹ دیے جارہے ہیں۔ مسعود خان نے کہا کہ آج سے ہم عمران خان بچائومہم شروع کرنے اور اپنے امیدواروں کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج جو کارکنان کے ساتھ زیادتیاں ہورہی ہیں اُس کے خلاف احتجاج کرنے کیلیے یہاں موجود ہیں، پی ٹی آئی کے اندر اب اسٹیبشلمنٹ کو سپورٹ کرنے والوں کا حملہ ہوا ہے۔

مسعود خان نے کہا کہ پنجاب میں علیم خان اور جہانگیر ترین کو پی ٹی آئی رہنما موقع دے رہے ہیں جبکہ ورکرز کسی کو موقع نہیں دیں گے کہ وہ پی ٹی آئی کو نقصان پہنچائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہم نے لوگوں کے انٹرویو کئے ان کو ٹکٹ جاری کیے جائیں، ہم نے قیادت کو ایک فہرست دی جس میں امیدواروں کے نام ہیں۔

اس احتجاجی مظاہرے میں تحریک انصاف کے رہنما نوید انجم نے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری طرف سے بیرسٹر گوہر، عمر ایوب اور این اے 31 سے شیر افضل مروت کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ نوید انجم نے کہا کہ ہم روزانہ حلقوں سے امیدواروں کا اعلان کریں گے اور جن ناموں کا ہم اعلان کریں گے وہی پی ٹی آئی کے اصل امیدوار ہوں گے۔