چارٹرڈ آف پاکستان وقت کی ضرورت ہے،اعجاز الحق

کراچی:  قومی یکجہتی اتحاد کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ اس وقت چارٹرڈ آف پاکستان کی ضرورت ہے۔ ماضی میں جنہوں نے چارٹرڈ آف ڈیموکریسی پر دستخط کیے وہ ایک دوسرے کے دشمن بنے ہوئے ہیں۔سولہ مہینے ایک ساتھ حکومت کرنے والی جماعتیں بھی ایک دوسرے پر الزامات لگا رہی ہیں۔ ہم سیاست میں نظریات پر عمل چاہتے ہیں۔ تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے۔اتحاد کے ذریعے ہم خیال سیاسی جماعتوں اور الیکٹ ایبلز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے علاوہ دیگر جماعتوں سے بھی بات چیت کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر فیصل ندیم، مرکزی رہنما خالد نیک، کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان ودیگر بھی موجود تھے۔

اعجاز الحق نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا مشکور ہوں۔پچھلے دنوں پنجاب میں اتحادیوں کے ساتھ بات چیت کی۔مرکزی مسلم لیگ ہمارے اتحاد کا حصہ بنی۔ کراچی میں دیگر سیاسی جماعتوں اور الیکٹ ایبلز سے بھی بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اتحاد کی ضرورت زیادہ ہے۔سیاست میں ایک دوسرے کے ساتھ بات کرنا دور کی بات لوگ ایک دوسرے کی جان کے دشمن بنے ہوئے ہیں۔اس وقت چارٹرڈ آف پاکستان کی ضرورت ہے۔ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنے کا عزم کریں۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں نظریات ختم ہوگئے۔ماضی میں جنہوں نے چارٹرڈ آف ڈیموکریسی پر دستخط کیے وہ اب ایک دسرے کے دشمن بنے ہوئے ہیں۔ ہر سیاسی جماعت اپنے مفاد کے لیے سرگرم ہے۔کوئی بھی جماعت پاکستان کا نہیں سوچ رہی۔سیاست کے اندر رواداری ہونی چاہیے۔

اعجاز الحق نے کہا کہ سولہ مہینے ایک ساتھ حکومت کرنے والے اب ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں۔انتخابات کے بعد دوبارہ پی ڈی ایم ٹو بنے گی اور الزامات کی سیاست جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی یکجہتی اتحاد کے ذریعے دوریوں کو نزدیکی میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں اور سیاست میں نظریات پر عمل چاہتے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر فیصل ندیم نے کہا کہ سندھ میں جن جماعتوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا اب وقت آگیا ہے کہ ان کا مقابلہ کیا جائے۔پیپلز پارٹی کو اس مرتبہ سندھ میں کھلا میدان نہیں ملے گا۔اتحاد کے ذریعے انتخابی میدان میں آگے بڑھیں گے۔